چھائوں فائونڈیشن ، کمشنرآفس لاہور میںپودے عطیہ کرنے کیلئے ایم او یو تقریب
لاہور(کامرس رپورٹر) چھائوں فائونڈیشن اور کمشنرآفس لاہور ڈویژن کے درمیان پودے عطیہ کرنے کے حوالے سے ایم او یو کی تقریب گزشتہ روز یونیورسٹی آف لاہور میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا ،چیئر پرسن چھائوں فائونڈیشن شہناز رئوف ، چیئرمین بورڈ آف گورنرز دی یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف ، ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو، اے سی رائیونڈ خرم حمید ، لاء آفیسر عمر حیات اور چھائوں فائونڈیشن کے اظہر مسعود نے شرکت کی۔ تقریب میں کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا اور چیئر پرسن چھائوں فائونڈیشن یونیورسٹی آف لاہور شہنا ز رئوف نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہاچھائوں فائونڈیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو لاہور میں سموگ کے خاتمے کیلئے فرنٹ فٹ پر آئی ہے اور کمشنرآفس کو سالانہ 2لاکھ پودے مفت فراہم کرے گی۔ چیئر پرسن چھائوں فائونڈیشن یونیورسٹی آف لاہور شہناز رئوف نے گفتگوکر تے ہوئے کہا کہ ہم نے 2019سے چھائوں فائونڈیشن کے تحت مفت پودے تقسیم کرنے شروع کیے تھے۔ آغاز میں ہمیں بہت دقت کا سامنا کرنا پڑا۔ اب ہم اپنی نرسری سے پودے مختلف اداروں کو عطیہ کررہے ہیں تاکہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ مستقبل میں ہم پودوں کی تعداد 10لاکھ تک بڑھا سکتے ہیں۔اگلے اکتوبر تک ہم کمشنر لاہور ڈویژن کو 2لاکھ پودے فراہم کر دیں گے جو وہ پی ایچ اے کی مدد سے لاہور اور گردو نواح میں لگائیں گے۔ ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو کا کہنا تھا کہ ہم سالانہ 80ہزار کے لگ بھگ پودے مختلف اداروں اور کمپنیو ں کی مدد سے لاہور میں لگاتے ہیں لیکن ہمیں یونیورسٹی آف لاہور کی چھائوں فائونڈیشن سے سالانہ 2لاکھ پودے مل جائیں گے تو اس سے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کنٹرول کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔