حادثات کی روک تھام کیلئے روزانہ کی بنیاد پرکارروائیاں کی جائیں:ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل اور سٹی پولیس آفیسر ایاز سلیم نے اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی پی اوز اور میونسپل کمیٹیز، لوکل باڈیز کے افسران کو ان خلاف ورزیوں پر کاروائیاں کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور انہیں کہا ہے کہ ڈور پھرنے اور ہوائی فائرنگ سے جنم لینے والے حادثات کی روک تھام کیلئے روزانہ کی بنیاد پرکاروائیاں کریںان خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے کیونکہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ نے اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلی محلوں کی سطح ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کرنے والوں پر نظر رکھنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو فوری طور پر متعلقہ تھانوں کی مدد سے گرفتاری عمل میں لائیں انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہر کی اونچی عمارتوں پر نفری تعینات کی جائے جو اطراف کی سرویلنس کریں اور خلاف ورزی متعلقہ تھانے کو رپورٹ کریں، ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ اور سرویلنس کے ذریعے ملزمان کو گرفتار کیا جائے انہوں نے لوکل گورنمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ مساجد میں اعلانات کرائے جائیں کہ پتنگ بازی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کا سموگ آلودگی کی روک تھام اور گوجرانوالہ کی مختلف صنعتوں میں کام کرنیوالے غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات کے جائزہ کے لیے مختلف فیکٹریوں کا دورہ کیا ، دورہ کے موقع پر انہوں نے وزارت داخلہ پنجاب کے جاری کردہ سکیورٹی ایس او پیز کا جائزہ لیا۔