• news

محسن نقوی کی ہدایت پر لاہور ، فیصل آباد میںجشن بہاراں کی تقریبات شروع 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب میں پہلی مرتبہ جشن بہاراں سرکاری وسائل کی بجائے مکمل طورپر سپانسرڈ ہوگا اور سرکار کے خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت جشن بہاراں کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا اور جشن بہاراں کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور اور فیصل آباد میں جشن بہاراں کی تقریبات کا آغازکیا جارہا ہے۔ بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ 5سے 12مارچ تک جیلانی پارک میں فوڈ فن میلہ شروع کیا جارہا ہے جہاں لاہور کے ٹاپ 20فوڈ برینڈ کے سٹال لگائے جائیں گے۔ لاہور ہاکی سٹیڈیم میں ہر شام نامور گلوکار میوزک شو پیش کریں گے۔ عوام کی تفنن طبع کیلئے راحت فتح علی خان، ساحر بگا، بلال سعید، آئمہ خان اور دیگر گلوکار فن کا مظاہرہ کریں گے۔ داتا دربار سمیت دیگر مزارات پر محافل نعت گوئی اور محافل سماع منعقد ہوں گی۔ جیلانی پارک میں پنجابی فوک میوزک شو منعقد کئے جائیں گے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شہر کی بڑی سڑکوں کو آراستہ کیا جائے گا، کینال میلہ اور سپورٹس میلے بھی ہوں گے۔ گریٹر اقبال پارک میں 7 روز تک لکی ایرانی سرکس کے 3شو ہوں گے۔ 12مارچ کو میراتھن ریس مقابلے ہوں گے، ریس آن وہیل اور فن ریس بھی ہوگی۔42کلومیٹر طویل سائیکلوتھان میں پروفیشنل سائیکلسٹ حصہ لیں گے۔ نیشنل ہسٹری میوزیم میں قیام پاکستان سے آگاہی کے لئے’’ڈیجیٹل جرنی‘‘ شو ہوگا۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہی قلعہ میں شام کو لائٹ اینڈ میوزک ایکسٹرا وگنزا شو پیش کیاجائے گا۔’’روشن گلیاں‘‘، ’’ویکھ لاہور‘‘، ’’رنگیلا رکشہ‘‘، ’’داستان گوئی‘‘، ’’ہیر گائیکی‘‘ اور ’’ڈرم سرکل شو‘‘ ہوں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 8مارچ کو عالمی یوم خواتین کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوں گی، خواتین کا مشاعرہ بھی ہوگا۔ کمشنر فیصل آباد نے ویڈیو لنک پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم، زرعی یونیورسٹی اور دیگر مقامات پر جشن بہاراں کی تقریبات فوڈ سٹال، محفل مشاعرہ، قوالی نائٹ، ہینڈی گرافٹ شو، سائیکلنگ مقابلے، آتشبازی اور ہیوی بائیک شو ہوں گے۔ جی سی یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ہینڈ بال ٹورنامنٹ میں  پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور کرغزستان کی خواتین کھلاڑی شرکت کررہی ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ابراہیم مراد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی لاہور، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی، ڈی جی سپورٹس، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت علی نواز ملک کمشنر فیصل آباد اور ڈی سی فیصل آباد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن