وزیراعظم کا دورہ ، امیر قطر سے معاشی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہبازشریف امیر قطر کی دعوت پر اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی کرنے والے ممالک کی کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں شرکت کے لئے دو روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ اعلامیہ اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ٹویٹ میں بتایا گیا کہ کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس کا یہ پانچواں اجلاس ہے۔ امیر قطر کانفرنس میں شریک سربراہان مملکت اور وزرائے اعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے۔ وزیراعظم آج6 مارچ کو کانفرنس کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیراعظم نے دوحہ پہنچنے کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی وزیراعظم شہبازشریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے دوطرفہ باہمی مفاد کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران قطرکے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارتی اور پاکستان سے ہنرمند افراد کی قطر برآمد کے طریقوں اور ذرائع بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔امیر قطر نے قطر کی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کی کاوشوں کو سراہا اور خاص طورپر قطر کی میزبانی میں فیفاورلڈ کپ 2022 کے کامیاب انعقاد کے موقع پر پاکستانی سکیورٹی حکام کے شاندار کارکردگی کو سراہا۔ ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی ترقی کے منصوبوں میں قطر کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا، امیر قطر نے وزیراعظم شہبازشریف کو قطر آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی کے ایجنڈے میں قطر کی طرف سے بھرپور تعاون کے پختہ عزم اور حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ علاوہ ازیںوزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب سے کم ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلیوں، وبائی امراض کے بعدخوراک اور توانائی کی فراہمی کے سلسلے میں جیو اسٹریٹجک رکاوٹ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا میں ایشیا اور افریقہ میں ایل ڈی سیزکو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کروں گا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ان عالمی واقعات نے انہیں غیر محفوظ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کو پبلک پالیسی کا مرکز بنا کر ایل ڈی سیز کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او منصور ابراہیم المحمود نے دوحہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ۔ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں ایل این جی پاور پلانٹس، ایئرپورٹس اور سولر پاور پارکس میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ المحمود نے قطر اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالے سے بھی وزیراعظم سے اتفاق کیا اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے شکریہ ادا کیا اور قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔