باہر نکلو بزدل آدمی ! نواز شریف ، عمران کو تھوڑی بہادری ادھار دیدیں : مریم نواز
اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شیر بے گناہ بھی ہو تو بیٹی کا ہاتھ تھام کر لندن سے پاکستان آ کر گرفتاری دیتا ہے۔ ٹوئٹر پر ایک بیان میں سابق وزیراعظم پر طنزیہ وار کرتے کہا گیدڑ چور ہو تو گرفتاری سے ڈر کے دوسروں کی بیٹیوں کو ڈھال بنا کر چھپ جاتا ہے۔ قوم لیڈر اور گیدڑ کا فرق جان گئی ہے۔ باہر نکلو بزدل آدمی!۔ مریم نواز نے والد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف تھوڑی سی بہادری عمران خان کو ادھار دے دیں۔ مریم نواز نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک سے ناکام کوئی تحریک نہیں تھی۔ نواز شریف کو گرفتار کر کے بدترین انتقام لیا گیا۔ میرے پاس جنرل باجوہ سے متعلق ثبوت نہیں‘ فیض حمید سے متعلق ہیں۔ اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ آدھی رفتار سے بھی کیس چلتے تو عمران خان نااہل اور جیل میں ہوتا۔ فارن فنڈنگ کیس میں بھارت اور اسرائیل سے پیسے لیتے ہوئے پکڑے گئے۔ جیل بھرو کہنے والا لیڈر خود گیدڑ نکلا۔ نواز شریف نے بدترین انتقام میں ایک سال جیل کاٹی۔ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے مگر الیکشن سے پہلے کچھ فیصلے ہونے ہیں۔ عمران خان کے جرائم پر قانون کو حرکت میں آنا چاہئے۔ عمران خان کی تقاریر ہی نہیں بلکہ سیاست پر بھی پابندی ہونی چاہئے اور تاحیات لگنی چاہئے۔ نواز شریف بے گناہ نااہل ہوئے، ان کو انصاف ملنا چاہئے۔ ایک شخص چار سال مال بناتا رہا، اس کی بیوی مال بناتی رہی، اس کی بیوی نے ایک فائل پر دستخط کے 5 قیراط کے ہیرے لئے۔ ایسے شخص کو نواز شریف کے ساتھ کیسے برابر کر رہے ہیں۔