فیس بک دوستی: میکسیکو کی لڑکی سرگودھا پہنچ گئی: کورٹ میرج
سرگودھا (نمائندہ خصوصی) سرگودھا شہر کے نوجوان سے فیس بک کے ذریعے دوستی سے محبت میں گرفتار غیر ملکی دوشیزہ نے پاکستان پہنچ کر دین اسلام قبول کر کے شادی کر لی اور اپنے سسرال میں خوش وخرم زندگی کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان کو محبتوں اور خوشیوں بھرا وطن قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر کے علاقہ حمید ٹاؤن کے نوجوان محمد حمزہ سے تین سال قبل میکسیکو کی دوشیزہ بیوٹسٹا اسلاس ماریہ سے فیس بک کے ذریعے دوستی ہوئی جو وقت کے ساتھ محبت میں بدل گئی۔ دوشیزہ پاکستانی نوجوان سے محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچ کر اپنے محبوب محمد حمزہ کے گھر آئی تو انہوں نے مہمان دوشیزہ کا شاندار استقبال کیا اور عالم دین صاحبزادہ قاضی نگاہ مصطفی چشتی سے ملاقات میں غیر ملکی دوشیزہ نے اپنا مذہب چھوڑ کر کلمہ طیبہ پڑھ کر دین اسلام قبول کر لیا، جس پر اس کا اسلامی نام فاطمہ رکھ دیا گیا۔ بعد ازاں نو مسلم دوشیزہ اور نوجوان محمد حمزہ نے عدالت میں پیش ہو کر کورٹ میرج کر لی۔ میاں بیوی پاکستان کی حسین وادیوں کے نظارہ کے لئے ہنی مون پر مری روانہ ہو گئے۔
فیس بک دوستی،شادی