• news

وطن کی بقاء و سلامتی کیلئے برائیوں سے توبہ کرنا ہوگی: پیر نقیب الرحمن


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم  ؐ کا ارشادِ پاک ہے کہ جب بھی اللہ تعالی عبادات، اعمالِ صالحہ یا کوئی بھی کارِ خیر کرنے کی توفیق عطا فرمائے تو اس پر اپنے رب کا شکر بجا لایا کرو۔ دربارِ رسالت مآب  ؐ سے ملنے والی اس روشنی میں ہمیں اپنے عمل و کردار کو سنوارنا چاہئے۔ ہمیں ربِ کریم کا شکر گزار ہونا چاہئے نہ کہ اس سے ہم غرور و تکبر کا شکار ہو جائیں۔ خانقاہی نظام سے ہمیشہ دوسروں کی بجائے اپنی اصلاح، دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے ان کو عزت دینے، ہر قسم کے تعصب، نفرت، فرقہ واریت، انتشار پسندی کے خاتمے اور بین المسالک بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی کی تعلیم دی گئی۔ شب برأت پر عید گاہ شریف میں ایک عظیم الشان محفلِ توبہ اور ربِ رحمان کے حضور مناجات کرنے کے لئے انعقاد کیا جائے گا جس میں خصوصی خطاب سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن کریں گے اور جس میں ملک کے نامور قرا اور نعت خوانانِ عظام بھی شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔
پیر نقیب الرحمن

ای پیپر-دی نیشن