متنازعہ عورت مارچ کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کے فیصلے کاخیر مقدم:صاحبزادہ حامد رضا
لاہور(خصوصی نامہ نگار) متحدہ علماءبورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر تنظیمات اہل سنت کے قائدین پیر زادہ محمد امین، ڈاکٹر حمزہ مصطفائی،محمدنواز کھرل،مبشر حسین،راجہ منصور اقبال، ارشد جاویدمصطفائی، صاحبزادہ معاذ المصطفی قادری،سید احسان احمد گیلانی، احمد وقار مدنی،عامر اسماعیل،محمد اکرم رضوی، عبدالمجید جامی اور دیگر نے ڈی سی لاہور کی جانب سے متنازعہ عورت مارچ کے انعقاد کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کے جراتمندانہ فیصلے کی تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہوئے خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہاکہ عورت مارچ کی آڑ میں اسلامی شعائراور معاشرتی اقدار کے خلاف مہم جوئی کی اجازات نہیں دیں گے۔فارن فنڈڈاین جی اوزعورت مارچ کے نام پر پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور اور کھوکھلا کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ریاستی ادارے انکی سرگرمیوں کی تحقیقات کریں۔ عورت مارچ خواتین کے تحفظ کا مارچ نہیں بلکہ عالمی گریٹ گیم کا حصہ ہے۔ عورت مارچ سے اسلامیان پاکستان شدید اضطراب کا شکار ہیں۔اسلام مکمل ضابطہ حیات اور خواتین کے تحفظ کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔