کامران ٹیسوری سے ملاقات ، پائیدار امن کیلئے ہر ایک کو کردار ادا کرنا ہوگا : محسن نقوی
لاہور؍ کراچی( این این آئی) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہائوس کراچی میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صوتحال، دونوں صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سبی میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وطن عزیز کے پائیدار امن کے لئے ہر ایک کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہو گا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام متحد ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ محسن نقوی نے کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار قائدؒ پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا مانگی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔ محسن نقوی نے کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کمڑی پل پر بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب ثقافتی لحاظ سے متنوع صوبہ ہے اور سرائیکی ثقافت پنجاب کی خوبصورت ثقافتوں میں سے ایک ہے۔ محسن نقوی نے سرائیکی کلچر ڈے پر اپنے پیغام میں سرائیکی علاقے میں بسنے والے بہن بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اجرک سرائیکی ثقافت کی علامت ہے۔ محسن نقوی نے معروف اداکار قوی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔