• news

شہزادہ فہد کی آمد : 10 کروڑ ڈالر کے سعودی ، پاک ٹیکنالوفی ہاؤس کا افتتاح 


اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور سعودیہ کے سٹرٹیجک تعلقات کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ کروڑوں ڈالر کے سعودی پاک ٹیکنالوجی ہاؤس کا افتتاح کردیا گیا۔ منصوبے سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار جبکہ شعبہ آئی ٹی کو فروغ ملے گا۔ اسلام آباد میں تقریب سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطاب کرتے کہا کہ سعودی عرب کے شہزادہ فہد بن منصور السعود نے پاکستان میں سعودی پاکستان ٹیکنالوجی ہاؤس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ولی عہد کے وژن 2030 ء کے تحت یہ ٹیکنالوجی سے استفادہ  کرنے کا پروگرام ہے۔ آئی ٹی کے استعمال سے دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم کی مشیر شزہ فاطمہ نے کہا ٹیک ہاؤس کا بنیادی مقصد آئی ٹی سے وابستہ افراد کیلئے آسانی پیدا کرنا اور شعبے کو فروغ دینا ہے۔ ٹیکنالوجی ہاؤس کا ہیڈ کوارٹر ریاض میں ہوگا جبکہ پہلی شاخ لاہور میں کھولی جائے گی۔ منصوبے سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار مہیا ہوگا۔ نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سعودی سفارت خانہ پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو تلاش کر رہا ہے۔ سعودی سفیر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تلاش کرنے کیلئے سعودی سفارت خانے، نے ''پاک سعودی تعلقات'' کے موضوع پر مختصر دورانیے کے ویڈیو کے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی شہزادہ فہد بن منصور آل سعود نے پیر کو اسلام آباد میں دس کروڑ ڈالر کے ’سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم ایک ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا کریں گے۔ منصوبے کے سرپرست شہزادہ فہد بن منصور آل سعود نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ ’سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس کے لانچ کا اعلان کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔ اس کا ہیڈکوراٹر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہو گا اور اس کی پہلی برانچ لاہور میں ہو گی۔ ہم سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت مشرق سے مغرب تک ہر خطے میں سعودی عرب ٹیک ہاؤس بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔‘ ’میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم پاکستان، سعودی عرب اور دنیا بھر میں ایک ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقعے پیدا کریں گے۔ ہم اگلے پانچ سال میں کم سے کم دس کروڑ ڈالر کے تین سو پروجیکٹ شروع کرنے کے لیے پر امید ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کے بڑے انفراسٹرکچر، ٹیلنٹ اور سٹارٹ اپس کے ساتھ دونوں ممالک کے نجی شعبے باہمی شراکت داری سے پاکستان اور سعودی عرب کے لیے آئی ٹی سیکٹر میں گیم چینجر بن سکتے ہیں۔ میں پاکستان کے کاروباری شخصیات اور ٹیک ایکو سسٹم کے سعودی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ سعودی سفیر نے کہا ٹیکنالوجی ہاؤس کا انعقاد ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا ایک نیا دور شروع کرے گا۔ سعودی عرب نے مضبوط اور محفوظ ڈیجیٹل نیٹ ورک بنایا ہے۔ شزا فاطمہ نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔ نوجوانوں کے لیے 15، 25 اور 75 لاکھ تک کے قرضہ جات کا اجرا کیا گیا ہے۔ ہمیں آج کی دنیا میں نوجوانوں کو آئی ٹی کے مواقع دینے ہیں۔ وزارت آئی ٹی اس معاملے پر کام کر رہی ہے اور جامعات میں آئی ٹی کیمپ لگائے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن