• news

کم ترقی یافتہ ممالک کیلئے قرض شرائط آسان کی جائیں : شہباز شریف 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کم ترقی یافتہ ممالک کی خوشحالی کے اقدام دوحہ پلان آف ایکشن پر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے، کم ترقی یافتہ ممالک کے عوام کی ترقی کیلئے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے،کم ترقی یافتہ ممالک کیلئے قرض کی شرائط کو آسان کیا جائے، عوام کو سماجی تحفظ کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے قطرکی طرف سے اس کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خوشحالی کے لئے ترقی یافتہ ممالک نجی شعبہ اور سول سوسائٹی کی کم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شراکت داری نمایاں ہے۔ جہاں عالمی مدد کی زیادہ ضرورت ہے وہاں پر پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کم ترقی یافتہ ممالک میں صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری اور ایجنڈا 2030  پر عملدرآمد اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے وسیع وسائل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کئی کم ترقی یافتہ ممالک کو قرضوں کے باعث خطرات کاسامنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین دیرینہ خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک کی پائیدار ترقی کیلئے کانفرنس کا انعقاد بروقت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات نے کم ترقی یافتہ ملکوں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے، ہمیں مل کر کم ترقی یافتہ ملکوں کے عوام کی ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، پوری دنیا میں لوگوں کی بڑی تعداد کو غربت اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے اس فورم کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان اس فورم سمیت تمام اہم فورمز پر کم ترقی یافتہ ملکوں کی آوازکو اجاگرکرتا رہے گا۔ انہوں نے کم ترقی یافتہ ممالک کیلئے ویکسین کی فراہمی کو تسلسل کے ساتھ یقینی بنانے پر زوردیا اور کہا کہ 6 کم ترقی یافتہ ممالک کو بہت زیادہ بوجھ کاسامناکرنا پڑ رہا ہے جو کہ بہت تشویشناک ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ کم ترقی یافتہ ممالک کیلئے قرض کی شرائط کو آسان کرنا چاہئے اور عوام کو سماجی تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کم ترقی یافتہ ممالک کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی آسان بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور علم ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے دوحہ پلان آف ایکشن 2031 ء کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دوحہ پروگرام آف ایکشن کے نفاذ کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں متحرک کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے فیفا مقابلوں کے انعقاد کے بعد کانفرنس کے شاندار انتظامات پر امیر قطر کو مبارکباد دی۔  وزیراعظم محمد شہباز شریف قطر کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے دورہ کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں شرکت کی۔ استقبالیہ میں شریک ہوئے۔  اس موقع وزیراعظم شہبازشریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی ملاقات ہوئی۔ قطر کے سرمایہ کاری بورڈ، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او منصور ابراہیم المحمود نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن