نوجوان ملک کا مستقبل ، سچ جھوٹ کا فرق سمجھنا ہوگا : مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو سچ اور جھوٹ کا فرق سمجھنا ہوگا۔ مریم نواز کی زیر صدارت یوتھ ونگ پنجاب کا اہم اجلاس ہوا۔ تمام ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ یوتھ ونگ کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور یوتھ ونگ کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ فیصلہ کیا گیا کہ اہم تنظیمی معاملات میں نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں یوتھ ونگ کے عہدیداروں کو اہم ٹاسک بھی تفویض کئے گئے۔ سوشل میڈیا پر یوتھ ونگ کی کارکردگی بہتر کرنے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجودگی کو زیادہ فعال بنانے کے لئے تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔ مریم نواز نے کہا مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیئے، نوجوانوں کے ہاتھ میں کتاب اور لیپ ٹاپ دیئے، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ہی پاکستان کی ترقی کی کلید ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور تعلیم کے مواقع دیئے۔ نوازشریف نے نوجوانوں کے لئے یوتھ پروگرام شروع کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف اس پروگرام کو مزید وسیع کر چکے ہیں۔ نوجوانوں کو تمام شعبوں میں آگے لائیں گے۔ اجلاس میں شریک عہدیداروں نے یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا کو مزید بہتر بنانے کے لئے مریم نواز کو تجاویز پیش کیں۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں عمران کے نیب نوٹس وصول نہ کرنے پر ردعمل میں کہا ہے کہ نوٹس وصول نہ کرنے سے بچ جائے گا؟ ابھی تک سمجھ رہا ہے باقیات بچا لیں گی۔ باقیات کو تو اپنی پڑ گئی ہے۔