• news

عدلیہ مخالف مہم چلانے والی مریم نواز پر کوئی پابندی نہیں: پرویز الٰہی


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سپین سے عبدالغفار مرانہ اور جرمنی سے ڈاکٹر انصر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ملکی سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف روزانہ مہم چلانے والی مریم نواز پر کوئی پابندی نہیں‘ حکمران بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن عمران خان کی آواز گھر گھر پہنچ چکی ہے۔ حکومت کی پابندیاں بھی ان کی شہرت کم نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا‘ موجودہ حکمرانوں نے یہ قانونی حق چھین لیا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان سے خوفزدہ حکمران روز ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا رہے ہیں۔ سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئے پولیس اور ریاستی طاقت کا بدترین استعمال کیا جا رہا ہے۔ عمران خان‘ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مقدمات جدوجہد کو نہیں روک سکتے۔ حکمران اتحاد کی خواہش ہے کہ اگلے 10 سال بھی الیکشن نہ ہوں اور وہ اقتدار سے چمٹے رہیں۔ عام انتخابات کے عوامی نتائج حکمرانوں کو معلوم ہیں اس لئے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن