• news

دریائی علاقے بھونگ کا دورہ، آئی جی پنجاب کا کچے کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم 


لاہور (نیٹ نیوز) پنجاب پولیس کے سربراہ ڈاکٹر عثمان انور نے اپنی فورس کو صوبے کے ضلع راجن پور اور رحیم یار خان کے کچے کے علاقوں کو سرزمین کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لئے ٹارگٹڈ اور کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ اپنے دورہ رحیم یار خان کے دوران انہوں نے دریائے سندھ کے کنارے علاقوں میں پنجے گاڑے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری پولیس کارروائیوں کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ کی۔ آئی جی پنجاب نے عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانے کے مقصد سے علاقے میں جاری آپریشن کو مزید تیز کرنے کا عزم کیا۔ بعد ازاں آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصود الحسن اور دیگر افسروں کے ہمراہ بھونگ کے دریائی علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کچے کے علاقے میں تعینات پولیس فورس کو مزید وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ دوسری جانب کچے کے علاقے کے مکینوں کے مطابق اغواء برائے تاوان کا سلسلہ بلاروک ٹوک جاری ہے۔ انہوں نے کہا عام تاثر ہے سندھ پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن غیر مؤثر ہے۔
کچے میں آپریشن،حکم

ای پیپر-دی نیشن