• news

عورت مارچ کی اجازت نہ دینے کیخلاف درخواست‘ ڈی سی لاہور دیگر آج ہائیکورٹ طلب


لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے عورت مارچ کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔ عدالت نے ڈی سی لاہور سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج  منگل کو جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس انوار حسین نے  سماعت کی۔ عورت مارچ کے منتظمین اسد جمال ایڈووکیٹ اور ہائی کورٹ بار کی سیکرٹری صباحت رضوی پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ ڈی سی لاہور کا عورت مارچ پر پابندی کا فیصلہ غیر قانونی ہے کیونکہ عورت مارچ میں خواتین کے حقوق کی تحفظ کی بات ہوتی ہے۔ پرامن عورت مارچ پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے‘ عدالت عورت مارچ پر پابندی سے متعلق ڈی سی کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ عورت مارچ کے منتظمین نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست پر حتمی فیصلے تک ڈی سی لاہور کا فیصلہ معطل کیا جائے۔  قبل ازیں یہ کیس جسٹس مزمل اختر شبیر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سننے سے انکار کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دی تھی جنہوں نے یہ کیس جسٹس انوار حسین کو سماعت کے لیے بھجوا دیا۔
عورت مارچ

ای پیپر-دی نیشن