• news

نیب الزام ثابت کرنے میں ناکام: عدالت‘ فواد حسن فواد کی بریت کا تحریری فیصلہ


لاہور (خبر نگار) احتساب عدالت نے فواد حسن فواد کو بری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ فواد حسن فواد کے خلاف جرم ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہوا، عدالت فواد حسن فواد، وقار حسین، رباب حسین اور انجم حسین کو باعزت بری کرتی ہے۔ فیصلے میں  استغاثہ کے 19 گواہ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کوئی شہادت نہیں دے سکے۔ نیب ایسی کوئی شہادت نہیں دے سکی جس سے فواد حسن فواد اور ان کے خاندان پر کرپشن کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام ثابت ہو، اس کیس میں تمام ٹرانزیکشن نجی نوعیت کی ہیں جس میں سرکاری فنڈز شامل نہیں ہیں، ایسی کوئی شہادت میسر نہیں جس سے فواد حسن فواد کا کرپشن کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا تعلق ثابت ہو، وہ اثاثے جنہیں بے نامی کہا گیا، ان کا فواد حسن فواد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ریکارڈ میں ایسا کچھ نہیں کہ فواد حسن فواد نے اثاثے کرپشن یا غلط طریقے سے بنائے، اس کیس کی تفتیش ٹھیک نہیں کی گئی، نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر انتخاب عالم جوئیہ نے دلائل دیئے۔
تحریری فیصلہ

ای پیپر-دی نیشن