پی ایس ایل ، کو ئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کو ہرا دیا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارٹن گپٹل کی شاندار اننگز کی بدولت کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر کراچی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اننگز کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے میتھیو ویڈ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا، طیب طاہر اور قاسم اکرم بھی بالترتیب 7 اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر ایڈم روسنگٹن نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم 30 اور عامر یامین 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز سکور کیے جبکہ کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ایمل خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 165 رنز کا ہدف 20 اوور کی پانچویں بال پر پورا کیا، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مارٹن گپٹل نے ناقابل شکست 86 رنز بنائے، سرفراز احمد 29، محمد نواز 15 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔