• news

اینٹی کرپشن، بزدار دور کے ریکارڈ کی چھان بین، 100 فائلیں غائب 


لاہور (خبر نگار) ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بتایا لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں منظور ہونے والی کمرشل تعمیرات اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سو سائٹیوں کا مکمل ریکارڈ حاصل کر لیا ہے اور لاہور ریجن نے ریکارڈ کی چھان بین شروع کر دی ہے۔ جس کے نتیجے میں 100سے زائد فائلیں ریکاڑ سے غائب پائی گئی ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن لاہور نے ڈائریکٹر ایل ڈی اے جوہر ٹاؤن کو تفتیش کیلئے طلب کر لیا  ہے جو غائب شدہ ریکارڈ کے بارے میں محکمہ اینٹی کرپشن کو تفصیلات فراہم کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن لاہور نے 20دسمبر 2018ء  سے 13جنوری 2023ء تک لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔ دریں اثناء محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ٹیکسٹ بک بورڈ اور انصاف فاؤنڈیشن سے گزشتہ 5سال کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے اور اس عرصہ میں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اور انصاف فاؤنڈیشن کو ہر چیز، پرنٹنگ، بجٹ اور اخراجات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے دیگر ذرائع آمدن کی مکمل تفصیلات بھی محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کی ہیں۔ ڈائریکٹر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ 8مارچ کو مکمل ریکارڈ کے ہمراہ محکمہ اینٹی کرپشن ریجن اے میں پیش ہوں گے اور محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب بْک بورڈ کے پچھلے 5سالوں کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین کرے گا۔
اینٹی کرپشن

ای پیپر-دی نیشن