مہنگائی روکنے میں ناکام رہے عمران سیاستدانوں نہیں کسی اور سے ملنا چاہتے : رانا ثنا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان سیاستدانوں سے نہیں کسی اور سے ملنا چاہتے ہیں۔ ایک بیان میں رانا ثناء نے کہا کہ عمران خان آمادہ ہوں تو ان سے بات ہوسکتی ہے۔ عمران خان جن سے ملنا چاہتے ہیں وہ عمران خان سے ملنا نہیں چاہتے۔ اگر عمران خان ملنا ہی چاہتے ہیں تو انہیں یہ کہنا چاہئے کہ میں وزیراعظم شہباز شریف سے یا آصف زرداری سے ملنا چاہتا ہوں۔ رانا ثناء نے کہا کہ صوبوں کے الگ الگ الیکشن ملک کو لے ڈوبیں گے، اس وقت مردم شماری جاری ہے، اگر 30 مارچ تک مردم شماری کا عمل مکمل ہوگیا اور نوٹیفائی ہوگیا تو اس کے بعد آئین کے مطابق الیکشن اگلے چار ماہ سے پہلے نہیں کروا سکتے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے کہا کہ عمران خان پکڑا جاتا ہے تو نشے اور پلستر کا بھی ٹیسٹ کرائیں گے۔ رانا ثناء نے کہا کہ عمران خان کا کیس بڑا کلیئر ہے، یہ پیش ہو، اگرعدالت بری کرتی ہے تو فیصلہ قبول کریں گے، اسے عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں اس کے مقدمات کا فیصلہ عدالتوں میں ہو۔ عمران خان کا نااہل ہونا صاف نظر آ رہا ہے، یا تو یہ پیش ہوگا ورنہ گرفتار کر کے پیش کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحیح سمت تو یہی ہے کہ سیاسی معاملات سیاستدانوں پر چھوڑے جائیں۔ ایسا اس وقت ہو رہا ہے اور امید ہے ہوتا رہے گا۔ عمران خان سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھنے سے مرنا بہتر سمجھتے ہیں۔ عمران خان کی اپنی چوریاں اور ڈاکے زبان زد عام ہیں۔ عمران خان کیخلاف کوئی مقدمہ ایسا درج نہیں ہوا جو جرم اس نے نہ کیا ہو۔ عمران خان نے جو رویہ رکھا ہوا ہے یہ ملک کے مسائل کی وجہ ہے۔ عمران کے رویے کا حل یہ ہے کہ جرم ہوتے ہی ایف آئی آر کاٹی جائے۔ عمران عدالتوں کے چکر کاٹیں گے تو بری باتیں کم سوچیں گے، کم بولیں گے۔ مہنگائی عمران سے کنٹرول ہو رہی تھی نہ ہم سے ہو سکی۔ عمران کیلئے ریلیف اور لاڈلا پن آہستہ آہستہ ختم ہوا ہے۔ عمران خان کے بیانیے کو لوگوں میں کوئی مقبولیت نہیں ہے۔ نواز شریف واپس آکر ہمیں لیڈ کریں، ہم الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔ عمران خان کو 13 مارچ کو فرد جرم عائد ہونے کیلئے عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر وزارت داخلہ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کی۔ تقریب میں وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسروں اور ذیلی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا یوسف نسیم نے اپنی سروس کے مرحلے کو انتہائی پروقار طریقے سے مکمل کیا اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نمٹایا۔ یوسف نسیم کو اعزازی شیلڈ، تحائف دیئے گئے۔
رانا ثناء