پاگل خان ایسی دلدل میں پھنسا گیا بڑی مشکل سے نکلیں گے: زرداری
اسلام آباد+ وہاڑی نمائندہ خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاگل خان ہمیں ایسی دلدل میں پھنسا گیا، بڑی مشکل سے پار لگیں گے۔ وہاڑی میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک بے وقوف کو وزیراعظم بنادیا گیا جس نے ملک کی معیشت کو تباہی کے دبانے پر لا کھڑا کیا ہے، اسے کوئی سمجھ ہی نہیں تھی، پاگل خان نے ملک کا خانہ خراب کردیا، عمران خان واپس وہاں جانا چاہتا ہے جہاں سے اسے نکالا گیا۔ بڑی مشکل سے پار لگیں گے، لیکن لگیں گے ضرور، آج بھی وہ سیاست میں ون ڈے کرکٹ کھیل رہا ہے لیکن میں نے عزم کر رکھا ہے ملک کو مسائل سے نکالوں گا اور ہر قیمت پر نکالوں گا۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ دیوالیہ ہوگیا، دیوالیہ ہوگیا، یہ باتیں ہورہی ہیں، امریکا، جاپان اور برطانیہ بھی دیوالیہ ہوگئے تھے، اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا، اونچ نیچ آتی رہتی ہے، یہ عارضی مشکل ہے، وہ وقت آئے گا جب ملکی بہتری کے فیصلے صرف ہم کریں گے، پاکستان میں ہر قسم کی سہولت موجود ہے ہم نے صرف ان سے فائدہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کبھی نہیں سوچا تھا ایسے شخص کو وزیراعظم بنا دیا جائے گا، ہمیں اگلے دس سال کا سوچنا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کو موقع ملا ہم نے جنوبی پنجاب کا کام کیا، جنوبی پنجاب ہماری اپنی دھرتی ہے، ہمارا مقصد قوم اور عوام کی خدمت ہے، ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، اونچ نیچ آتی رہتی ہے، پاگل خان ہمیں دلدل میں پھنسا گیا ہے، اس نے ملک کا خانہ خراب کر دیا۔ فکر نہ کریں سب صحیح ہو جائے گا، غریب کی آواز اللہ سنے گا، پاکستان ایک بڑی طاقت بن کر رہے گا، ہم اس ملک کو آگے چلائیں گے، یہ ملک ہم سب کا ہے۔ آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ایک زمانے میں انڈیا کے پاس صرف ایک بلین ریزرو تھے، انڈیا کو اپنا سونا بیچنا پڑا، ہمارے پاس ڈالرز نہیں ، دیوالیہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، عوام چاہتی ہے میں یہاں سے الیکشن لڑوں، اس پر پارٹی سے بات کروں گا، پیپلز پارٹی لوگوں کی پارٹی ہے، ہماری پارٹی کے ہزاروں ورکرز شہید ہوئے۔ مزید براں آصف علی زرداری سے پی پی پی لودھراں، وہاڑی اور خانیوال کی تنظیم کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز نے وہاڑی میں ملاقات کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو لودھراں، خانیوال اور وہاڑی کے پی پی پی عہدیداران نے سیاسی صورت حال سے متعلق بریفنگ دی۔ آصف علی زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود اور جنرل سیکرٹری نتاشہ دولتانہ بھی موجود تھیں۔ آصف علی زرداری سے امداد اللہ عباسی، شاہ نواز، محمود بابر، کامران گھمن، ڈاکٹر شمشاد، عنایت وسیر، سومی گجر رشاد احمد گادی، میر واثق، شرجیل حیدر، ملک ناہید دھڑالہ، مظہر رخسار سیال، رانا خالد ایڈووکیٹ ودیگر نے ملاقات کی۔
زرداری