• news

انتخابات پر مشاورت : گورنر کے پی الیکشن کمیشن نے ایک دوسرے کو بلا لیا


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے گورنر خیبر پی کے سے رابطہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن نے صوبائی اسمبلی انتخابات پر مشاورت کیلئے گورنر خیبر پی کے غلام علی کو اسلام آباد آفس آنے کی دعوت دی ہے۔ الیکشن کمشن نے کہا کہ آپ کی آمد ہمارے لئے باعث عزت ہو گی۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے وزیراعظم کو فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے خط لکھنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی خط نہیں لکھا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں گردش کرنے والی خبر ’’الیکشن کمشن نے وزیراعظم کو فنڈز کی فراہمی کے لئے خط لکھ دیا‘‘ کی تردید کی جاتی ہے۔ دوسری جانب خیبر پی کے اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے لئے گورنر اور الیکشن کمشن کے درمیان گزشتہ روز مشاورت نہ ہو سکی۔ گورنر خیبر پی کے نے الیکشن کمشن کو مشاورت کے لئے 7 اور 8 مارچ کی تاریخ دی تھی۔ گورنر خیبر پی کے غلام علی نے الیکشن کمشن  کے خط کا جواب دیدیا۔ گورنر نے الیکشن کمشن کی ٹیم کو آج طلب کر لیا۔ گورنر نے ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمشن کی ٹیم انتخابات کے انعقاد کی تیاری کر کے آئے۔ الیکشن کمشن نے گورنر سے مشاورت کیلئے 3 رکنی ٹیم تشکیل دیدی۔ الیکشن کمشن کی ٹیم میں سیکرٹری الیکشن کمشن‘ سپیشل سیکرٹری اور ڈی جی لاء شامل ہیں۔الیکشن کمشن نے گوادر خیبر پی کے غلام علی کی طرف سے سیکرٹری ای سی کو خط میں الفاظ کے چناؤ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ گورنر نے مناسب الفاظ استعمال نہیں کئے۔ گورنر اپنا متعلقہ کام کریں، الیکشن کمشن کسی سے احکامات نہیں لے گا۔ گورنر سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرائیں۔

ای پیپر-دی نیشن