زیر قبضہ کشمیر : محاصرے تلاشی کاروائیاں جاری مزید2نوجوان گرفتار
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے کئی مقامات پرمحاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنمائوں یاسمین راجہ اور زمرودہ حبیب کے گھروں پر چھاپے مارے اور اہلخانہ کو ہراساں کیا۔ سرینگر میں یاسمین راجہ اور زمرودہ حبیب کے گھروں پر چھاپے مار کر توڑ پھوڑ کی تھی اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے کے علاوہ مکانوں کی رجسٹریاں اور پارٹی لیٹر ہیڈ سمیت اہم دستاویزات قبضے میں لے لئے۔ شمالی کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ضلع بارہ مولا میں گرفتار ہونے والوں میں خورشید احمد خان ولد مشتاق احمد خان اور ریاض احمد خان ولد محی الدین خان دونوں زندپال کنزر کے رہائشی شامل ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی حراست میں لیے جانے والے نوجوان عبدالرشید ڈار کی لاش کپواڑہ کے جنگل سے ملنے کے بعد سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں نے عبدالرشید ڈار کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم پر بھارتی فوج کا راستہ روکا جائے۔ بھارتی فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری خواتین کی آبروریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
کشمیر