پاک آرمی کے زیراہتمام چھٹے بین الاقوامی آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)پاک کے زیراہتمام چھٹے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ (PATS) مقابلے 2023 کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز نیشنل کانٹر ٹیررازم سینٹر (NCTC) پبی میں منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی کی 7 ٹیموں کے علاوہ 10 بین الاقوامی ٹیمیں شریک ہیں، جن میں بحرین، سعودی عرب، مراکش، ازبکستان، تھائی لینڈ، اردن، امریکہ، عراق، قازقستان اور قطر کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ 3 مبصر ممالک، آذربائیجان، میانمار اور نائیجیریا بھی چھٹے بین الاقوامی PATS مقابلوں کا حصہ ہیں۔60 گھنٹوں پر محیط مقابلے 7 سے 9 مارچ تک جاری رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مقابلے جسمانی برداشت، ذہنی چستی اور لڑنے کی مہارت پر مبنی ہوں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران ہونے والے ان مقابلوں کو عالمی سطح پر کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ جس کے باعث یہ ایونٹ بین الاقوامی PATS مقابلوں کا لازمی جزو بن گیا ہے جو حصہ لینے والی ٹیموں کو ایک دوسرے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تجربے سے سیکھنے اور اپنے تجربات شیئر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ افتتاحی تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 37 ڈویژن مہمان خصوصی تھے۔