جماعت اسلامی نے الیکشن کمشن کیخلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
کراچی (آئی این پی ) شہر قائد کے 11 بلدیاتی حلقوں میں انتخابات نہ کروانے کے معاملے پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 11حلقوں میں الیکشن نہ ہونے کے باعث کراچی کا بلدیاتی ایوان مکمل نہیں ہو رہا، عوامی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے 11حلقوں میں فوری الیکشن کا شیڈول جاری کرے۔ اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال ک ررہے ہیں، سندھ ہائیکورٹ اپنا فیصلہ سنائے، ہم 10مارچ کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دیں گے، ہم احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں وسیع کریں گے، یہ کراچی کے کروڑوں لوگوں کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے ہاتھوں یرغمال ہے، الیکشن کمیشن عوام کے حق کیلئے بنا ہوا ہے، ہمیں حق حاصل کرنے کیلئے سال، سال، ڈیڑھ، ڈیڑھ سال لڑنا پڑا، الیکشن والے دن جو کچھ کیا ہم نے اس کو بھی قبول کیا، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو بھرپور مینڈیٹ دیا جسے تسلیم کرو گے تو پروسیس آگے بڑھے گا۔