پہلی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری پر سندھ کو شدید تحفظات ہیں، سینیٹر وقار مہدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ ملک میں جاری پہلی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری پر سندھ کو شدید تحفظات ہیں، اگر تحفظات دور نہیں کئے گئے تو مردم شماری متنازع ہو جائے گی۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے طریقہ کار میں بہت زیادہ نقائص ہیں اور متنازع مردم شماری پر نہ تو انتخابی حلقہ بندیاں درست ہوں گی اور نہ ہی ملک میں درست منصوبہ بندی ہو گی۔ انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے فارم میں غیر قانونی تارکین وطن کا الگ خانہ نہیں دیا گیا ہے۔ انہوں نے ماطلبہ کیا کہ مردم شماری کے فارم میں غیر قانونی تارکین وطن کا الگ خانہ دیا جائے اور انہیں اسی صوبے میں شمار کیا جائے ، جہاں وہ رہتے ہیںسینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایلین رجسٹریشن اتھارٹی کی 2010 کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں 25 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن تھے ، جن کی تعداد اب بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔