بہتر مردم شماری کیلئے ریونیو سٹاف کوموبلائزکیا جائے، چیف سیکرٹری
لاہور(نمائندہ خصوصی)چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ مردم شماری کے معیار اور کوریج کو بہتر بنانے کیلئے ریونیو سٹاف کوموبلائزکیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ مردم شماری ڈیوٹی سرانجام دینے والی فیلڈ ٹیموں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنا یا جائے گا اور خواتین شمار کننددگان کیساتھ خواتین پولیس ا ہلکار تعینات کی جائیں گی۔چیف سیکرٹری نے افسران کوحکم دیاکہ مردم شماری کی ڈیوٹی پر مامور ٹیموں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی کامیابی کا تمام تر انحصار درست ڈیٹا کے حصول پر ہے جو وسائل کی تقسیم اورمستقبل کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کریگا۔ انہوں نے تاکیدکی کہ ڈپٹی کمشنرز مردم شماری کی مکمل مانیٹرنگ کریں اور اس کام کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں۔ چیف سیکرٹری نے مردم شماری سے متعلق آگاہی بڑھانے کیلئے آئمہ مساجد سے مدد لینے بارے بھی ہدایات جاری کیں۔صوبائی سینسس کمشنر علی بہادر قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کے دوسرے مرحلے ہاؤس لسٹنگ کا آغاز ہو چکا ہے اورآن لائن پورٹل کے ذریعے خود شماری کی تاریخ میں 10مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیش بورڈ کے ذریعے مردم شماری کی آن لائن مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔اجلاس میں اعلیٰ پولیس اور عسکری حکام اور ادارہ شماریات کے افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز، آرپی اوز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔