عمران کی تمام عدالتوں میں ویڈیوں لنک پیشی لاہور ہائیکورٹ نے رجسٹرار کا اعتراض ختم کر دیا: عدالت عالیہ اسلام آباد میں آج سماعت
اسلام آباد؍ لاہور (سپیشل رپورٹر+ وقائع نگار) لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتوں میں پیشی اور سکیورٹی کے لئے دائر درخواست پر سماعت میں عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا ہے۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ عمران خان نے درخواست سلمان صفدر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے۔ درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومت، آئی جی پنجاب و اسلام آباد سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ عمران خان کے وکیل نے موقف اپنایا ہے کہ ہائیکورٹ آفس نے جن فریقین پر اعتراض کیا ہے ان کو ڈیلیٹ کرنے کو تیار ہوں ۔ مقدمات کا مقصد عمران خان کو عدالتوں میں گھسیٹنا ہے۔ عدالتوں میں پیشی کے دوران دوبارہ حملہ ہونے کا خدشہ ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کی فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی پر سکیورٹی اقدامات کیلئے درخواست تیار کرلی گئی۔ عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے انسداد دہشتگردی عدالت دینے کیلئے درخواست تیار کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی کے سربراہ ہیں، عمران خان عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، عدم پیشی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر نااہلی کا کیس میں عمران خان کی اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کر دی۔ عمران خان نے اسلام آباد اور کوئٹہ میں درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ عمران خان نے تھانہ رمنا اسلام آباد کے 2 مقدمات اور کوئٹہ کے ایک مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی۔
عمران کیسز