صنعتکاروں تاجروں کیلئے جو ممکن ہواکرینگے خواتین کو اسلام نے حقوق دئیے: محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران نے شرکت کی۔ صنعتکاروں اور تاجروں نے انڈسٹریز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبے میں ایگرو بیس انڈسٹریز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی عمل کو فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔ صنعتکاروں اور تاجروں کے لئے جو کچھ ممکن ہوا کریں گے۔ انڈسٹریل اسٹیٹس میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ صنعتکاروں اور پولیس کی لائزن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی ملاقات میں عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خہاتین کے عالمی دن کے موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اسلام میں خواتین کو مکمل حقوق دیئے گئے ہیں۔ خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے مغرب میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ نبی پاکؐ کی لاڈلی بیٹی خاتون جنت حضرت بی بی فاطمۃ الزہراؓ کی حیات پاک خواتین کیلئے بہترین نمونہ ہے۔ پائیدار ترقی کے حصول کیلئے صنفی مساوات اور صنفی انصاف کی منزل کا حصول بے حد ضروری ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہندو کمیونٹی کو ہولی کے تہوار کی مبارکباد دی ہے۔ ہولی کو رنگوں کاتہوار بھی کہا جاتا ہے او ررنگ ہمیشہ پیار محبت والے ہی پائیدار ہوتے ہیں اور ہولی کا تہوار دلوں کو جوڑنے کا ایک شاندار موقع ہے۔دریں اثناء محسن نقوی نے شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ کے قریب لنڈا بازار میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی