• news

نصرت بھٹو بے نظیر کا کردار مشعل راہ حکومت نے  خواتین کیلئے خصوسی اقدامات کئے: شہباز ‘زرداری


اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار خصوصی‘ نامہ نگار) سماجی  رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ خواتین کو ان کے عالمی دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دین اسلام نے 14 سو سال قبل خواتین کے حقوق کے بارے میں تنبیہ کی۔ 21 ویں صدی کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروف عمل ہیں۔ موجودہ حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے۔ وراثت‘ تعلیم اور لیپ ٹاپس کی فراہمی میں خواتین کیلئے اقدامات کئے۔ وزیراعظم یوتھ لون سکیم پروگرام میں 25 فیصد کوٹہ خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے معاشرے میں خواتین کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے سرگرم کارکن عائشہ صدیقہ جیسی نوجوان پاکستانی لڑکیاں ملک کے روشن مستقبل کیلئے امید کی کرن ہیں۔ بدھ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ عائشہ صدیقہ جیسی لڑکیاں روشن مستقبل کی نوید ہیں۔ واضح رہے کہ 24 سالہ عائشہ صدیقہ کی خدمات کے اعتراض میں ٹائم میگزین نے انہیں رواں سال کی خاتون قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں فاطمہ جناح ہوں یا بیگم رعنا لیاقت علی خان‘ محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوں یا ملالہ یوسفزئی‘ خواتین کا پاکستان کی ترقی اور ارتقاء میں مرکزی کردار کسی قیمت پر جھٹلایا  نہیں جا سکتا۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق آصف علی زرداری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع  پر اپنے پیغام  میں کہا ہے کہ خواتین کیلئے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کا کردار مشعل راہ ہے۔ بینظیر بھٹو شہید نے زندگی بھر جہالت کے اندھیروں کے خلاف جدوجہد کی تھی۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، سندھ میں خواتین کو زرعی زمین کا تحفہ اور تھر کول کے مختلف شعبوں میں خواتین کی بھرپور شرکت بینظیر بھٹو شہید  کے خوبصورت خوابوں کی تعبیر ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنانا چاہتی ہے۔ پیپلزپارٹی کو فخر ہے اس سے وابستہ خواتین کارکنوں نے آمروں کے خلاف جدوجہد میں قید‘ مشکلات برداشت  کیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن