وزارت کے نام پر ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام کیسے رکھا جا سکتا: جسٹس اطہر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ ہائوسنگ سوسائٹی کی جانب سے سرکاری کالج کی زمین پر قبضے کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کردی۔ سماعت جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے ہائوسنگ سوسائٹیز اداروں کے نام پر بنانے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا وزارت داخلہ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کا نام منسٹری کے نام پہ کیسے رکھا جا سکتا ہے؟۔ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کی بھی ہائوسنگ سوسائٹی ہے۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا سپریم کورٹ ایمپلائیز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا میرے ذاتی خیال میں سپریم کورٹ کا نام بھی ہائوسنگ سوسائٹی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہئے۔