• news

 50 یونیورسٹیوں میں انتظامی سیٹیں خالی‘ گورنر پنجاب کا اظہار تشویش


لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی صدارت میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں خالی انتظامی سیٹوں پر تقرریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نگران وزیرِ اعلی پنجاب محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹریز ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، زراعت، لائیو سٹاک، انڈسٹریز، کامرس اینڈ سکل ڈویلپمنٹ، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، اوقاف اینڈ ریلیجئس افیئرز نے بتایا کہ 50 سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی10، پرو وائس چانسلرز کی 40، رجسٹرار کی 33، ٹریثرار کی 38 اور کنٹرولر ایگزیمینیشن کی 35 سیٹیں خالی ہیں۔ جس پر گورنر پنجاب نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ جامعات کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ لیکن یہ امر قابل افسوس ہے کہ پچھلی حکومت کی بری گورننس کی وجہ سے پبلک سیکٹر یونیورسٹیاں ایڈہاک ازم پر چل رہی ہیں۔ کئی یونیورسٹیوں میں کنٹرولر آف ایگزیمینشن نہ ہونے سے طلبہ کو وقت پر ڈگریاں نہیں مل سکتیں جو بہت افسوسناک بات ہے۔گورنر نے کہا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی انتظامی محکموں کو مراسلہ جاری کیا تھا کہ خالی انتظامی سیٹوں پر تقرری کا عمل 06 ماہ پہلے شروع کر دیں۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سیکرٹری لائیو سٹاک کو چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کا فوری دورہ کرنے کے کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں مختلف انتظامی محکموں کے سیکرٹریز، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمشن، ڈاکٹر شاہد منیر اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب، نبیل احمد اعوان بھی موجود تھے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب سے فارن سروس اکیڈمی کے زیر اہتمام دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے 29 ویں ایڈوانسڈ ڈپلومیٹک کورس کے 11 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں شامل سفرا کا تعلق بلغاریہ، کینیا، مالدیپ ، صومالیہ، جنوبی افریقہ، سوڈان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان سے تھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان کے اپنے دوست ممالک کے ساتھ قریبی اور خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن