دوکروڑ تاوان کیلئے اغوا 7 سالہ بچی بازیاب‘ ملزم گرفتار
فیروز والا (نامہ نگار) تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے دو کروڑ روپے تاوان لینے کی خاطر اغوا کی گئی 7 سالہ بچی کو بازیاب کر لیا۔ مرکزی ملزم کو حراست میں لے لیا۔ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ ملزم نے علاقے میں گھوم پھر کر مالدار شہری کی بیٹی کو اغوا کیا۔ 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت نے میاں کالونی سے اغوا ہونے والی سات سالہ بچی نور فاطمہ کے گھر کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ڈیڑھ ماہ قبل میاں کالونی کے رہائشی محبوب احمد کی بیٹی باہر گلی میں کھیل رہی تھی کہ نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا اور دو کروڑ روپے تاوان مانگا۔ ڈی ایس پی سرکل فیروزوالا چودھری نواز سیال کی سربراہی میں ایس ایچ او فیکٹری ایریا چودھری شاہد پر ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اغوا کاروں کا موبائل اور واٹس ایپ ڈیٹا حاصل کرکے دیگر معلومات اکٹھی کیں۔ ڈی ایس پی فیروزوالا چودھری نواز سیال کی نگرانی میں ایس ایچ او فیکٹری ایریا چودھری شاہد نے روپ بدل کر تاوان کی رقم لینے کیلئے آنے والے مرکزی ملزم رحمت علی عرف بوٹا کو گھیر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ اغوا ہونے والی بچی کو میاں کالونی میں جلوس کی شکل میں والدین کے حوالے کیا۔ اس موقع پر شہریوں اور بچی کے ورثائ‘ رشتہ داروں نے پولیس کے حق میں نعرہ بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔