پارلیمنٹ میں موجود خواتین عام عورت کی نہیں، ایلیٹ کلاس کی نمائندگی کرتی ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز سپیڈ نے11ماہ میں تباہی مچا دی۔ معاشی جادوگر کے دعویدار ڈار کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ثابت ہو گیا عمران خان کی طرح یہ لوگ بھی سوفیصد ناکام ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے ایوان کو کھلونا بنایا، عدلیہ، نیب اور الیکشن کمشن کو نشانے پر رکھا، حکمران ٹرائیکا اسٹیبلشمنٹ کا غلام ہے۔ مسائل کا حل الیکشن میں ہے، عوام کو اپنے نمائندے آزادانہ، منصفانہ طریقے سے چننے کا اختیار دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اسلام آباد میں خواتین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے ریلی کا اہتمام کیا تھا۔ امیر جماعت نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود خواتین عام عورت کی نہیں ایلیٹ کلاس کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ملک کی ترقی عورت کو تعلیم، روزگار اور عزت فراہم کرنے سے ممکن ہو سکے گی۔ عورت کے حقوق کے نام پر نام نہاد مغربی این جی اوز نے خواتین کا استحصال کیا، انہیں گھر سے نکال کر فٹ پاتھ پر لاکھڑا کیا۔ مغرب میں خاندانی نظام کی تباہی کے بعد اب یہی ایجنڈا اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان میں نافذ ہونے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ کبھی ٹرانس جینڈر ایکٹ لائے جاتے ہیں توکبھی فیملی پروٹیکشن کے نام پر نام نہاد قوانین، جن کا مقصد صرف اور صرف اسلامی نظریاتی معاشرہ کی شکل بگاڑنا ہے۔ اگر ایک ظالم درندے کو بھی عبرت ناک سزا مل جائے تو عورت کی عزت یقینی بن جائے لیکن حال یہ ہے کہ ملک میں وڈیروں کی نجی جیلیں ہیں جہاں خواتین، بچوں کو غلاموں کی طرح رکھا جاتا ہے، لوگوں پر تشدد ہوتا ہے۔ عورتوں کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کا نمبر 145واں ہے۔ ہم سے صرف افغانستان پیچھے ہے۔ انہوں نے افغان حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ بچیوں کی تعلیم کو یقینی بنائیں کیوں کہ اسلام کا آغاز ہی اقرا کے لفظ سے ہوا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں پر پولیس تشدد اور لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے آئین‘ قانون اور جمہوری تقاضوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پرامن جلسے‘ جلوس اور ریلیاں منعقد کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے جو اس سے کسی صورت نہیں چھینا جا سکتا۔
سراج الحق