توشہ خانہ تحقیقات، عمران، اہلیہ نیب پیش نہ ہوئے، دبئی سے اہم معلومات جمع
اسلام آباد(وقائع نگار) قومی احتساب بیورو میں جاری توشہ خانہ تحقیقات میں طلبی کے باوجود سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے اور نہ ان کی جانب سے کوئی بھی نیب آفس پیش ہوا۔ نیب راولپنڈی نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو اڑھائی بجے طلب کر رکھا تھا،عمران خان ، بشری بی بی سے تحقیقاتی ٹیم کو دوست ممالک کی جانب سے تحفہ میں ملنے والی چھ گھڑیوں کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں، ادھر ذرائع کے مطابق نیب کی تفتیشی ٹیم ڈائریکٹر رضوان احمد کی سربراہی میں چار رکنی ٹیم گذشتہ روز تحقیقات کیلئے دوبئی پہنچی تھی، نیب ٹیم نے قیمتی گھڑی کی فروخت سے متعلق اہم معلومات اکٹھی کیں، نیب ٹیم نے تحفے کی گھڑی خریدنے کے دعویدار عمر فاروق کے گھر کے علاوہ یو اے ای میں پاکستانی سفارتخانے اور کچھ دکانوں کا بھی دورہ کیا۔ نیب گراف کعبہ ایڈیشن گھڑی اور دیگر تحائف فروخت کی تحقیقات کر رہا ہے۔ سعودی ولی عہد نے گھڑی عمران خان کو تحفہ دی تھی۔