سیالکوٹ میں نئی عمارت کا افتتاح ، بی ایس سی علاقے کی ضروریات پوری کرے گی: گورنر سٹیٹ بنک
کراچی؍ سیالکوٹ (کامرس رپورٹر+ نامہ نگار) سٹیٹ بنک کے گورنر جمیل احمد نے سیالکوٹ میں سٹیٹ بنک آف پاکستان، بنکنگ سروسزکارپوریشن (بی ایس سی) کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ اس نئی عمارت کے افتتاح سے بی ایس سی علاقے کے سٹیک ہولڈرز کی بڑھتی ہوئی ان ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو جائے گی جن کا تعلق بنکاری اور بنکاریے متعلق ٹیکنالوجی کی خدمات سے ہے۔گورنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس بی پی بی ایس سی خود کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے عمل سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی پر ایس بی پی-بی ایس سی کی بھرپور توجہ ملک میں ڈیجیٹل بنکاری کے لیے اس کی کوششوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور اس سلسلے میں ادارہ اپنے آپریشنز کو خودکار بنانے کے لیے کوشاں رہا ہے جن میں فاریکس کیسز کی ریگولیٹری منظوری کے لیے خودکار سسٹم، مختلف اکاؤنٹس اور اپروول سسٹمز کو مرکزی بنانا (centralization)، بنکنگ ہالز میں ای-کیو ایم ایس اور ڈیجیٹل سکرین کی تنصیب اور سی سی ٹی وی کوریج شامل ہیں۔ تقریب میں سیالکوٹ ایوان تجارت و صنعت کے نمائندوں، کنٹونمنٹ بورڈ اور بنکوں کے علاقائی سربراہان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہیں ان کے کاروبار کی ترقی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔