• news

حج پالیسی ، رمضان پیکج ، نیب ترمیمی بل منظور ، توشہ خانہ ریکارڈ پبلک کرنیکی اجازت : خواجہ آصف 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے حج پالیسی2023 ، قومی کلین ایئر پالیسی، نیب ترمیمی آرڈیننس 2023 کی بھی منظوری دی جبکہوفاقی کابینہ نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکیج، گندم کی قیمت 3900 روپے مقرر کرنے، مردمشماری کیلئے 12 ارب روپے جاری کرنے، ،کراچی کیلئے بجلی 4.76 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔   وزیراعظم  شہباز شریف نے ہدایت  کی ہے پاکستانی حاجیوں کے سفر اور حج کے دوران ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اعلی حکام سعودی عرب حکام کے تعاون سے موثر اور جامع حکمت عملی جلد از جلد مکمل کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  قومی کلین ایئر پالیسی کی تشکیل  پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی قابل ستائش ہے،کلین ایئر پالیسی پر موثر عملدرآمد کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کی سفارش پر نیشنل کلین ایئر پالیسی کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی کلین ایئر پالیسی کی تشکیل پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی قابل ستائش ہے،کلین ایئر پالیسی پر موثر عملدرآمد کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔کابینہ کو بتایا گیا کہ پاکستان میں گذشتہ برسوں میں فضائی آلودگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔کراچی اور لاہور سب سے زیادہ متاثر شہر ہیں۔ سموگ سے حادثات اور مختلف بیماریوں کی تعداد میں بے شمار اضافہ ہوا ہے۔ پالیسی میں تجویز کیا گیا ہے کہ ایندھن کے معیار کو یورو5 سے یورو6، صنعتوں کے اخراج کے لئے کڑے قوانین، زراعت میں جدت اور فصلوں کے فضلے کے جلانے کا موثر تدارک، کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کے عالمی سطح پر رائج طریقہ کار اور کھانے پکانے میں کم گیسوں کے اخراج والے طریقہ کار کی پذیرائی کی جائے گی۔ پالیسی کے اطلاق سے آئندہ 10سالوں میں زہریلی گیسوں کے اخراج میں اوسطا 40 فیصد کمی آئے گی۔ وفاقی کابینہ کو پاور ڈویژن کی جانب سے   اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ پاور، پٹرولیم، وزارتِ صنعت و تجارت اور وزارتِ اطلاعات کابینہ کی طرف سے متعین کردہ اہداف پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد نیب آرڈیننس XVIII میں یہ ترامیم کی گئی ہیں جن کے بعد احتساب عدالتوں کو ان کیسز کی منتقلی میں قانونی جواز حاصل ہو جائے گا۔  وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے یکم مارچ 2023 اور 6 مارچ 2023  کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجس لیٹو کیسزکے6 مارچ 2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی  بھی توثیق کردی۔ ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کرنے کی اجازت دی ہے۔ وزیر دفاع خوجہ آصف نے اپنی ٹویٹ میں اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے توشہ خانہ کا ریکارڈ ڈی کلاسیفائی کرنے کی اجازت دے دی۔ یہ ریکارڈ انشاء اللہ بہت جلد کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر پوسٹ کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کابینہ نے نیشنل کلین ائر پالیسی کی منظوری دیدی۔ پالیسی منظوری پر  کابینہ ارکان کی شکر گزار ہوں۔ پالیسی تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنائی گئی۔ پالیسی کا مقصد فضائی آلودگی کم کرنا اور ہوا کا معیار بہتر بنانا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن