عمران سمیت 400 کارکنوں پر قتل ، دہشتگردی کا مقدمہ ، علی بلال کی ہلاکت تشدد سے ہوئی
لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) تھانہ ریس کورس پولیس نے مال روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکنوں سے تصادم کا مقدمہ سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 4سو عہدیداران و کارکنوں کے خلاف درج کر لیا ہے۔ قتل و دہشت گردی سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ ڈی ایس پی رائیونڈ صابر علی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق جاںبحق ہونے والا کارکن علی بلال، پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے کئے جانے والے پتھراؤ کی زد میں آنے سے ہلاک ہوا جبکہ دیگر کارکن زخمی ہوئے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسلح افراد سمیت تین، چار سو افراد پر مشتمل جتھے نے ہنگامہ آرائی کی۔ جتھے میں شریک افراد قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دے رہے تھے کہ عمران خان، حسان نیازی، فرخ حبیب، فواد چوہدری، حماد اظہر، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری نے ہمیں ٹارگٹ دیا ہے کہ ہم حکومت اور اس کے اداروں کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے پتھراؤں سے 13 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے۔ ان کے اپنے 6 کارکن بھی زخمی ہوئے۔ انہی زیر علاج زخمیوں میں ایک کارکن علی بلال سروسز ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔ پی ٹی آئی کارکن علی بلال کا پوسٹمارٹم کل رات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں کیا گیا۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی بلال کی موت تشدد کی وجہ سے ہوئی۔ اس کے جسم پر تشدد کے نشان تھے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کی نماز جنازہ بابا گراؤنڈ اسلام پورہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب، اعجاز چودھری، حماد اظہر، اعظم سواتی، شفقت محمود، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، عمر سرفراز چیمہ نے شرکت کی۔ جمشید اقبال چیمہ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ زمان پارک میں پی ٹی آئی ریلی کے دوران ورکر کی مبینہ ہلاکت کے معاملہ پر پنجاب پولیس نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں ڈی آئی جی ایلیٹ فورس صادق علی اور ایس ایس پی عمران کشور شامل ہیں۔ انکوائری ٹیم گواہوں کے بیان لے گی۔ کمیٹی سی سی ٹی وی فوٹیج اور واقعہ کی ویڈیو کلپ پر مشتمل رپورٹ 3 دن میں آئی جی پنجاب کو پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق علی بلال کو ہسپتال لانے والوں کی سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج اور تصاویر مل گئی ہیں۔ دریں اثناء علی بلال کے قتل کا مقدمہ نگران وزیراعلی محسن نقوی، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور دیگر پولیس افسران کے خلاف درج کرانے کے لئے تھانہ ریس کورس درخواست دے دی گئی ہے۔ پولیس نے تاحال اس درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔