• news

 تنزانیہ میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنرکی ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے تنزانیہ میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر سراج احمد خان نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے دوطرفہ مفاد کیلئے پاکستان اورتنزانیہ کے مابین تجارتی و معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنزانیہ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان تنزانیہ کے ساتھ معاشی و ثقافتی روابط بڑھانے کا خواہاں ہے ،دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی سیاسی و ثقافتی تبادلوں کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے نامزد ہائی کمشنر کو تنزانیہ کے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے پاکستان کی جانب سے تعاون بڑھانے کی ہدایت دی۔پاکستان تنزانیہ کو سفارتکاری ، بینکنگ ، ریلوے اور پوسٹل خدمات میں تعاون فراہم کر رہا ہے ۔صدر مملکت نے نامزد ہائی کمشنر سے تنزانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ نامزد ہائی کمشنر دونوں ممالک کے مابین عوامی روابط اور تجارت بڑھانے کیلئے کام کریں،تنزانیہ کے طلباء پاکستان کے کم قیمت ورچوئل تعلیمی پروگرام سے استفادہ کر سکتے ہیں،پاکستان کی ورچوئل یونیورسٹی میں پہلے سے ہی تقریباً 8 ہزار غیر ملکی طلباء  ورچوئل تعلیم حاصل کررہے ہیں۔صدر مملکت نے سراج احمد خان کو تنزانیہ میں ہائی کمشنر تعیناتی پر مبارکباد بھی دی۔صدر مملکت کی تنزانیہ کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنے کیلئے کام کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
 ملاقات

ای پیپر-دی نیشن