پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے ہمیشہ دعا گو رہتے ہیں،حسان حسیب الرحمن
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے )دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں شبِ برات کے موقع پر محفلِ میلادِ مصطفی ؐکا انعقاد کیا گیا،صدارت سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کی، مہمانِ خصوصی وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے غربت خاتمہ و سماجی تحفظ فیصل کرم کنڈی تھے۔ معاونِ خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آستانہ عالیہ عید گاہ شریف کی فروغ عشقِ رسولِ مقبولؐ اور وطنِ عزیز کی سلامتی وسر بلندی کے لئے خدمات سنہرے حروف میں لکھنے کے قابل ہیں،پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ آج کی رات ربِ رحمن آسمانِ دنیا پر نزول فرماتے ہیں اور ساری رات اللہ تعالیٰ کی رحمت پکار پکار کر ندا دیتی ہے کہ ہے کوئی جو ہم سے کچھ مانگے اور اسے وہ عطا کر دیا جائے، ہمیں خصوصی طور پر اپنے وطنِ عزیز پاکستان کے لئے جو ہمارا گھر اور ہماری چھت ہے اور جسکی بدولت ہمیں آزادانہ اور اپنے دین ِ متین کے تحت اپنی زندگیاں گزارنے کا موقع ملا ہے اسکی حفاظت، سلامتی، ترقی کے لئے خصوصی طور پر دعا گو ہوں۔اس عظیم رات ربِ رحمان کے حضور گڑ گڑا کر ہماری التجا ہے کہ وہ وطنِ عزیز کو تمام اندورنی و بیرونی سازشوں او ر خطرات سے محفوظ رکھے اور اپنے پیارے حبیبؐ اور سیدہِ کائنات کا صدقہ پاکستان کو اقوامِ عالم کے صفِ اول کے ممالک میں شامل فرمائے، دعائیہ اجتماع میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام جن میں محمد عامر فیاضی، غلام مصطفی قادری،حافظ احمد رضا قادری، ممتاز سماجی شخصیت و تاجر شہباز ظہیر اور ملک خیام وحید، شمع رسالت ؐ کے پروانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، اختتام سحری کے قریب درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی،ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا جس کے بعد روزہ رکھنے کے لئے وسیع و عریض سحری کا بھی اہتمام تھا۔
حسان حسیب الرحمن