تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ مسترد،پی آئی اے کے سینکڑوں ملازمین کا احتجاج
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ملک بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے، عارضی ملازمین کی مستقلی، برطرف شدہ ملازمین کی بحالی اور دیگر دیرینہ مطالبات کے حل کیلئے بلیو ایریا میں پی آئی اے مین بکنگ آفس کے سامنے مظاہرہ کیا ۔ جس کی قیادت پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائیز (سی بی اے)کے مرکزی صدر ہدایت اللہ خان، راولپنڈی اسلام آباد بیس کے صدر رمضان لغاری، جنرل سیکرٹری سہیل مختار، لاہور بیس کے صدر ساجد محمود گجر اور دیگر قائدین نے کی، میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رمضان لغاری اور سہیل مختار نے بتایا پی آئی اے ملازمین کے جائز قانونی حقوق کے حصول اور دیرینہ مطالبات ارباب اختیار تک پہنچانے کیلئے پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ کمرتوڑ مہنگائی اور ملازمین کی بڑھتی ہوئی مالی و معاشی مشکلات کی موجودگی میں تنخواہوں میں محض دس فیصد اضافہ زیادتی اور ناانصافی کی انتہا ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ پیپلز یونٹی کے قائدین نے مطالبہ کیا گروپ ایک تا چار کے ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم پچاس فیصد اضافہ کیا جائے ۔
ملازمین /احتجاج