• news

مشرقی شام میں ایرانی میزائل گودام پر ڈرون حملہ،4افرادجاں بحق


دمشق(این این آئی)مشرقی شام کے دیر الزور علاقے کو ایک بار پھر نامعلوم حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دھماکے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے اعلان میں کہاگیاکہ یہ حملہ ایران کے وفادار دھڑوں کے زیر کنٹرول علاقے میں ایک ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ حملے میں ایرانی میزائلوں کے گودام اور ہتھیاروں سے لدے ایک ٹرک کو نشانہ بنایا گیا ہے۔سیریئن آبزرویٹری کے ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ عراقی سرحد سے شام میں داخل ہونے والے ٹرک کھانے کی اشیا اور دیگر چیزوں کی آڑ میں ایرانی ملیشیا کو ہتھیار اسمگل کرتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ دھماکے کے وقت علاقے میں نامعلوم ڈرونز کی پرواز دیکھی گئی تھی۔ اور اس جگہ پر نظر آنے والی بڑی تباہی کے پیش نظر اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ دیر الزور کا دھماکہ بارودی سرنگ کی وجہ سے ہوا۔واضح رہے کہ شامی سرکاری میڈیا نے آج دن کے آغاز میں خبر دی تھی کہ یہ حادثہ شہر کے حمیدیہ محلے میں داعش کی جانب سے بچائی گئی بارودی سرنگ کے پھٹنے سے پیش آیا۔یہ علاقے اکثر نامعلوم حملوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ ان میں ایران کی حمایتی ملیشیا کے مراکز کو ہدف بنایا جاتا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مبصرین نے پچھلے سال صرف دیر الزور میں ایران کے حمایتی عراقی، افغان اور پاکستانی گروپوں کے تقریبا 15,000 جنگجوں کی موجودگی کا اندازہ لگایا تھا۔
شام حملہ

ای پیپر-دی نیشن