• news

لیبیا کشتی حادثہ: 6 نوجوانوں کی میتیں گجرات منتقل، آبائی علاقہ میں تدفین 


گجرات (نامہ نگار) لیبیا کشتی حادثہ میں  جاں بحق ہونے والے گجرات کے نوجوانوں کی دوسرے مرحلے میں 17 روز بعد مزید 6 میتیں آبائی گھروں میں پہنچے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ جنازے کے موقعہ پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ نوجوانوں کو مقامی قبرستانوں میں سپر د خاک کر دیا گیا۔ غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے والے گجرات کے 11 نوجوان اپنے ماں باپ اور بہن بھائیوں کی آنکھوں میں آنسو چھوڑکر دنیا سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئے، جن میں بھنگرانوالہ کے 25 سالہ شعبان علی، کھاریاں خودر کے 25 سالہ مدثر، بڑیلہ شریف کے 23 سالہ حسنین، دلانوالہ کے 22 سالہ حسنین عارف، باجو کا رہائشی 24 سالہ زین، ہریہ والہ کا 25 سالہ مہر ندیم کی میتیں لاہور ائیر پورٹ ان کے لواحقین کے حوالے کی گئیں۔  میتیں پہنچنے پر رشتہ دار دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ 6 نوجوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل پہلے مرحلے میں گجرات کے 4 نوجوانوں بھوجپور کے محمد علی، ساروکی کے کانسٹیبل توقیر، خواجگاں کے اویس، سرائے عالمگیر کے انصر فاروق کی تدفین کی گئی تھیں۔ نوجوانوں کے جنازوں میں ڈویژن اور ضلع کے کسی بھی سرکاری آفیسر اور ممبران اسمبلی نے شرکت کرنا تک گوارہ نہ کیا۔ 
لیبیا کشتی حادثہ، میتیں

ای پیپر-دی نیشن