• news

شما لی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، 5دہشت گرد ہلاک 


اسلام آباد/پشاور؍ لاہور؍ کراچی ( خبر نگار خصوصی +نمائندہ خصوصی) سکیورٹی فورسز نے شمالی  اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ  اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کارروائی کرتے ہوئے لاہور سمیت تین شہروں سے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کی نشاندہی 61 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران کی گئی۔ لاہور سے 3 دہشت گردوں کو حساس علاقے کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کیا گیا۔ حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک حساس اضلاع میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔ کراچی میں وفاقی حساس ادارے اور  پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق وفاقی حساس ادارے اور پولیس نے لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فورس (بی ایل ایف) کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ دونوں دہشتگردوں کا تعلق بلوچستان لبریشن فورس ڈاکٹر اللہ نذر گروپ سے ہے جن کی شناخت ولید عرف ولڑ اور شعیب عرف ببلو کے نام سے ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن