عمران نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جھوٹے حلف نامے جمع کرائے: لیگی رہنما
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جھوٹے حلف نامے جمع کرائے، عمران خان نے خیرات کے پیسے اپنی سیاست کیلئے استعمال کئے، عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف عدالتوں سے بھاگ رہی ہے، مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہ پہلے کبھی بھاگی ہے اور نہ اب بھاگے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنمائوں محسن شاہ نواز رانجھا اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جمعہ کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی ہے جس کا متن ہے کہ کبھی کوئی پارٹی کا سربراہ یا پارٹی کا چیئرمین الیکشن قوانین کے تحت اپنی پارٹی کے اکائونٹس کے حوالہ سے جھوٹے حلف نامے یا جھوٹے سرٹیفکیٹ جمع کرائے، تو الیکشن ایکٹ یہ کہتا ہے کہ الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی جو سزائیں ہیں ان میں سے ایک سزا اس کا پارٹی نشان ہے جو اس کو انتخابات کے دوران نہیں دیا جاتا۔