نوجوان قیمتی اثاثہ، ان کیلئے اقدامات کرنا ترجیح ہے: احسن اقبال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور ملک کے ترقیاتی کاموں میں عملی تجربہ فراہم کرنے کے لئے وزارت منصوبہ بندی کے پروگرام با اختیار نوجوان انٹرن شپ کا جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر شروع کئے جانے والا یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو بے روزگاری سے محفوظ رکھنا، معاشی بحران سے نکالنا، مختلف جرائم سے بچانا اور انہیں ایک مثبت سوچ کا شہری بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کو با اختیار بنانا، ان کے لئے نت نئے اقدامات اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔