نوازشریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے حکمنامے پر عملدرآمد نہ کرنے کا اقدام چیلنج
لاہور (خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کے پیمرا حکم نامے پر عمل درآمد نہ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ۔درخواست منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قانونی طور پر عدالتی اشتہاری کے بیان اور تقاریر کو میڈیا پر نشر نہیں کیا جاسکتا، پیمرا قوانین کے تحت بھی عدالتی بھگوڑوں کی لائیو نشریات پرپابندی ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ پیمرا نے قانون کے تحت نوازشریف کی لائیو نشریات پر پابندی عائد کر رکھی ہے، پیمرا کے حکم نامے کے باوجود نوازشریف کی لائیو نشریات کا سلسلہ جاری ہے، نوازشریف کی لائیو نشریات دکھانا قوانین اور پیمرا کے حکم نامے کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نوازشریف کی لائیو نشریات پر پابندی پر عملدرآمد کا حکم صادر کرے۔