• news

جشن بہاراں تقریبات :دربار سخی ترت مراد باغ جناح پر محفل سماع


لاہور(خصوصی نامہ نگار)پنجاب حکومت کی جشن بہاراں تقریبات کے سلسلے میں محکمہ اوقاف کے زیراہتمام دربار سخی ترت مراد باغ جناح پر محفل سماع ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی نگران وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر تھے۔ صوبائی وزیر نے مزار سخی ترت مراد پر حاضری دی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور سامعین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جشن بہاراں کے تحت صوبائی وزیر اوقاف سید اظفرعلی ناصرنے باغ جناح میں بابا ترت مراد کے مزار پر قوالی پروگرام کا افتتاح کیا۔ محبوب احمد پپو قوال اور ہمنواﺅں نے اپنی قوالی سے صوفی محفل میں جان ڈال دی۔ صوبائی وزیر اور دیگر شرکا نے قوالوں کی پرفارمنس پر دل کھول کر داد دی۔ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ تاریخی باغ جناح میں مدفون صوفی ترت مراد کا آستانہ امن و سکون کا مرکز ہے۔ صوفیائے کرام کے ذکر اور محافل سماع سے روحانیت کو جلا ملتی ہے۔ صوفیا کے پیغام پر عمل کر کے دین و دنیا میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ محکمہ اوقاف عوام کیلئے روزانہ جشن بہاراں کے پروگرام پیش کر رہا ہے۔ جشن بہاراں تقریبات 12 مارچ تک جاری رہیں گی۔ باغ جناح کوبرقی قمقموں اورثقافتی رنگوں سے سجا گیا۔ عوام الناس کی بڑی تعدادنے جیلانی پارک میں فوڈ آرٹیزن میلے میں شرکت کی۔جیلانی پارک اور گریٹر اقبال پارک میں پنجابی فوک میوزک پرفارمنسز پیش کی گئیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن