کسی دور میں عوام سے کئے وعدے پورے نہیں ہوئے: مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، درجنوں کتابوں کے مصنف معروف دینی سکالر ، جامع محمد سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک کسی بھی دور میں سیاستدانوں نے عوام سے کئے وعدے پورے نہیں کئے۔ ان کا منشاءمقصود صرف اقتدار کا حصول ہوتا ہے۔ حالیہ دور میں مہنگائی نے غریب آدمی کی زندگی انتہائی مشکل اور تکلیف دہ بنا دی ہے۔ بنیادی ضروریات زندگی بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔آمدنی کے ذرائع محدود اور روزانہ کی بنیاد پر بڑھنے والی مہنگائی کے تناسب سے بہت کم ہیں۔ جس سے لوگوں میں سخت بے چینی اور افراتفری پھیل رہی ہے معاشرے میں جرائم کا تناسب بڑھ رہا ہے۔ ٹھوس معاشی پالیسیاں بنا کر ہی اس بحرانی کیفیت سے نکلا جا سکتا ہے۔ عوام ہی مشکل فیصلوں کی زد میں کیوں آتے ہیں صاحب اقتدار اور اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگ اپنے لےے تمام آسائشیں مہیا کر لیتے ہیں۔ تمام تکالیف اور مسائل کی چکی میں صرف غریب طبقہ ، ہی پستا ہے۔ جو پہلے ہی حالات کے ہاتھوں زندہ درگور ہے۔