ہائیکورٹ : توہین عدالت کی درخواست‘سی ٹی او سے 2ہفتے میں جواب طلب
لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ نے مانگا منڈی میں ٹریفک سیکٹر پولیس قائم نہ کرنے پر سی ٹی او لاہور کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سی ٹی او لاہور سے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔ جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری شیخ محمد لطیف شاہد کی درخواست پر سماعت کی درخواست گزار کی طرف سے احمد عبدللہ ڈوگر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ درخواست میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے مانگا منڈی میں ٹریفک سیکٹر کیلئے سی ٹی او لاہور کو 30دن میں درخواست پر فیصلے کا حکم دیا تھا 30 دن گزرنے کے بعد بھی سی ٹی او لاہور نے درخواست پر فیصلہ نہ کیا مانگا منڈی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی جہاں ٹریفک کے گھمبیر مسائل ہیں مانگا منڈی میں غیر قانونی ویگن سٹینڈ اور رکشہ سٹینڈ قائم ہیں بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے ایمبولینسز گزرنے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ استدعا ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر سی ٹی او لاہور کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔