تیزی سے بدلتی سیاسی ، معاشی صورتحال ،اوورسیز پاکستانی خدشات میں مبتلا :عظیم قصوری
لاہور(کامرس رپورٹر ) اوورسیز پاکستان سٹیزن سولیڈیرٹی کے چیئرمین عظیم قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیزی سے بدلتی سیاسی اور معاشی صورتحال نے اوورسیز پاکستانیوں کو خدشات میں مبتلا کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کی آپسی لڑائی نے ایک بحرانی کیفیت کو جنم دیا ہے جو دن بہ دن مزید عدم استحکام کا باعث بن رہی ہے۔عظیم قصوری نے کہا کہ روپے کی مسلسل بے قدری کی وجہ سے ڈالر عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے۔جس کے ساتھ وہ اوورسیز پاکستانی جو اپنے بچوں کو سپانسر کرنے کیلئے ڈالرز میں فیسیں بھیج رہیں ہیں انہیں بھی کافی مشکل کا سامنا ہے اور وہ فیسیں ادا نہیں کر پارہے۔ اس کے علاوہ بھی بیروں ملک سے آنے والی ترسیلات زر میں بھی خاصی کمی دیکھی گئی اور اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ اوورسیز پاکستانی اب ملک میں زیادہ ریمی ٹینس نہیں بھیج رہے۔عظیم قصوری کا کہنا تھا کہ اس تمام تر صورتحال میں ہم حکومت سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور اپوزیشن ساتھ مل بیٹھے تاکہ تمام مسائل کا سیاسی حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام اداروں اور سیاستدانوں سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل حالات میں مل بیٹھیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا حل نکالیں۔